ٹوائلٹ میں فون کا استعمال صحت کیلئے کتنا خطرناک ہے؟


ٹوائلٹ سیٹ جراثیم کی آماجگاہ ہے جو انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوتے ہیں

ٹوائلٹ سیٹ جراثیم کی آماجگاہ ہے جو انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوتے ہیں: ماہرین/ فائل فوٹو

آج کل ٹوائلٹ میں فون کے استعمال کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جسے ماہرین کی جانب سے صحت کیلئے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔


انفیکشن کنٹرول کے ماہر ین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹوائلٹ سیٹ جراثیم کی آماجگاہ ہے جو انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔


ماہرین کے مطابق جب ہم ٹوائلٹ سیٹ کو ہاتھ لگانے کے بعد موبائل فون کو استعمال کرتے ہیں تو بہت سے جراثیم موبائل فون پر آجاتے ہیں جس کا ہمیں علم بھی نہیں ہوتا۔


ماہرین کا کہنا ہےکہ جراثیم موبائل فون کی اسکرین پر 28 دن تک زندہ رہتے ہیں جس سے پتا چلا ہے کہ موبائل فون پر ٹوائلٹ سیٹ سے 10 گنا زیادہ جراثیم ہوتے ہیں۔


 ٹوائلٹ سیٹ پر موجود جراثیم صحت کو کیسے نقصان پہنچاتے ہیں؟


ماہرین کے مطابق ٹوائلٹ سیٹ پر سب سے زیادہ staphylococcus aureus نامی جراثیم پایا جاتا ہے جو پیشاب کی نالی میں انفیکشن کا باعث بنتا ہے، اس کے علاوہ اس سے جِلد کا انفیکشن بھی ہوسکتا ہے۔


ماہرین کے مطابق ٹوائلٹ سے فارغ ہونے کے بعد اپنے ہاتھوں کو دھو لینے کے باوجود بھی آپ جراثیم سے بچ نہیں سکتے کیونکہ موبائل کے ہر وقت استعمال سے آپ انہی ہاتھوں سے کھانا کھاتے ہیں اور یوں جراثیم آپ کے اندر چلے جاتے ہیں جس سے پیٹ کے مسائل مثلاً فوڈ پوائزننگ، ہیضہ اور پیٹ کے انفیکشن جیسے مسائل سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے۔


جراثیم سے کیسے بچا جائے؟


ماہرین کی جانب سے ٹوائلٹ سیٹ پر فون کے استعمال سے منع کیا گیا ہے اور ساتھ ہی موبائل فون کو سینیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔